اسلام آباد میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ

106

اسلام آباد ، 24 مارچ (اے پی پی): اسلام آباد میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور رینجرز نے مشترکہ فلیگ مارچ کیا جو سپورٹس کمپلیکس سے شروع ہو کر سٹی زون کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا واپس سپورٹس کمپلیکس ختم ہو گیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشن وقار الدین سید نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد کرونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ریاستی ادارے ریاستی اقدامات کے پیش نظر شہریوں کی حفاظت پر مامور ہیں، تمام غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے فلیگ مارچ میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو اپنے گھروں تک محدود رہنے کی اپیل کی جاتی ہے، بازاروں میں صرف اشیائے خوردونوش اور میڈیکل سٹورز کھلے رہیں گے، شہری غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں تاکہ وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اور اپنی فیملی کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی احکامات پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ کہ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں تاکہ انہیں بروقت طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔

اے پی پی /ڈیسک/ھامد