اسلام آباد ، 21 مارچ (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی جس دوران کرونا وائرس سے بچاؤ اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے قائم کی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کو سراہا اور کہا کہ پوری سیاسی قیادت مل کر اس وبا کے خلاف لڑے گی۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ بھی پارلیمانی کمیٹی کیلئے اپنے نام جلد اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دے گی۔
اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کی طرف سے نام آتے ہی پارلیمانی کمیٹی قائم کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مقصد کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات کرنا ہے، پارلیمانی کمیٹی اپنی سفارشات اور تجاویز حکومت کو دے گی جبکہ کمیٹی کرونا وائرس سے لڑنے کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی نظر رکھے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کرونا وائرس سے معاشی طور پر چیلینجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی بنانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس عالمی وبا کی شکل اختیار کر گیا ہے،پوری قوم کو متحد ہو کر اس وبا سے جنگ لڑنی ہے۔
چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہماری سماجی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہری، اراکین پارلیمنٹ اور ملازمین غیر ضروری اجتماعات سے گریز کریں۔
وی این ایس ، اسلام آباد