ایوان بالا کی قائمہ کمیٹئ برائے مکانات و تعمیرات کا اجلاس 

199

  اسلام آباد04 مارچ( اےپی پی):  ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے مکانات و تعمیرات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر میر کبیر احمد محمد شاہی کی زیر صدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 29 نومبر2019 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کے علاوہ کمیٹی اجلاس میں منسٹر انکلیو کے الاٹیوں کی فہرست، منسٹرانکلیو میں نان انٹائٹل رہائشیوں کو ایک ماہ کے اندر خالی کرانے، G-14/1 کے الاٹیوں کو پلاٹوں کے قبضے دینے،شکایات کے 1540 کیسز میں سے 40 کیسز کے معاملات، فیڈرل گورنمنٹ سرونٹس کالونی سیریاب روڈ کوئٹہ کے معاملات کے علاوہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے منصوبے کی موجودہ صورتحال اور تکمیل مدت کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

قائمہ کمیٹی کو منسٹر انکلیو کے الاٹیوں کی اپڈیٹ فہرست فراہم کی گئی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ منسٹر انکلیو میں وفاقی وزرا ء، وزیر مملکت، ایڈوائز اور معاون خصوصی برائے وزیراعظم کو رہائش الاٹ کی جاتی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ وزارت نے غیر مجاز الاٹیوں کو نوٹس جا ری کر دیا تھا۔ قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ فیڈرل گورنمنٹ سرونٹ کالونی سیریاب روڈ کوئٹہ کا جلد دورہ کر کے رپورٹ تیار کی جا ئے گی اور کمیٹی کوفراہم کر دی جائے گی۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی مکانات و تعمیرات نے غیر مجاز افراد سے منسٹر انکلیو میں مکانات خالی کرانے کی کوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ وزارت اپنی کوششیں مزید تیز کرے اور قواعد وضوابط کے مطابق غیر مجاز افراد سے مکانات خالی کرائے جائیں۔
G-14/1 کے الاٹیوں کیلئے ادائیگی کی مدت میں 60 دن کی توسیع منظور کرتے ہوئے کمیٹی نے اس سلسلے میں اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دی جبکہ یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وزارت کوئٹہ میں سیریاب روڈ پر سرکاری ملازمین کی کالونی میں غیر قانونی قبضوں کو ختم کرانے میں اپنا بھر پور کردار اد کرتے ہوئے مذکورہ کالونی کا دورہ کریں اور اس سلسلے میں بلوچستان حکومت کے ساتھ بھی اپنی رابطہ کاری بڑھائے۔
کمیٹی نے وفاقی ملازمین کی ہاؤسنگ اتھارٹی کو ہدایت دی کہ منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں جبکہ اراکین نے یہ رائے دی کہ ملک کے دوسرے حصوں میں اس طرح کے منصوبے شروع کیے جائیں۔

کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سجاد حسین طوری، لیفٹینٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی، انور لال دین، ذیشان خانزادہ کے علاوہ وفاقی وزیر مکانات و تعمیرات طارق بشیر چیمہ،سیکرٹری مکانات وتعمیرات ڈاکٹر عمران زیب، ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی وسیم باجوہ، اسٹیٹ آفسیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video