پشاور، 6مارچ(اے پی پی): وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد ترند نے جنوبی اضلاع کے دورے کے تیسرے دن آج جوڈیشل لاک اپ ٹانک کا دورہ کیا اور لاک اپ کو درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر معاون خصوصی نے ان کے مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کردی۔
اس موقع پر معاون خصوصی نے لاک اپ کی سولرائزیشن کیلئے دو لاکھ روپے کا اعلان کیا اور یہ یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت جلد ٹانک میں ڈسٹرکٹ جیل تعمیر کریگی۔ معاون خصوصی نے قیدیوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کوجیل کی طرف سے سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا اور موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیدیوں کے مسائل کو فی الفور حل کیا جائے۔
معاون خصوصی نے قیدیوں کو صحت سہولیات فراہمی کے حوالے سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کم عمر قیدیوں کو کھیل کود کے لیے سامان کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
آخر میں معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات تاج محمد ترند نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دور دراز اضلاع میں ہر قسم کی سہولیات دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ پسماندہ علاقوں کو اوپر اٹھایا جائے۔
اے پی پی /صائمہ حیات /ریحانہ











