پشاور، 24مارچ(اے پی پی): صوبائی حکومت کے مشیر برائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کرونا وائرس سے تحفظ کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈائون کے باعث صورتحال کنٹرول کرنے میں مدد ملی ہے صوبے میں اس وقت 38کرونا پازیٹو مریض ہیں جنہیں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کرونا وائرس سے تحفظ کیلئے ہر ممکن وسائل بروائے کار لارہی ہے۔
اجمل وزیر نے کہا کہ تفتان سے آنے والے زائرین کو دوران پور میں قائم قرنطینہ سنٹر میں خوراک ،پانی اور دیگر سہولیات دی ہیں ،طبی عملہ تعینات ہے اور قرنطینہ کے بعد وہ اپنے گھروں کو جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرونا سے ابتدائی طور پر تین اموات ہوئی ہیں ،مشتبہ کیسز کی تعداد 235ہے۔ عوام تعاون کریں تو یہ جلد وائرس پر قابو پالیں گے۔اجمل وزیر نے کہا کہ عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے لاک ڈائون کیا اور صرف گھروں پر رہ کر ہی وہ ہماری اور طبی عملے کی مدد کرسکتے ہیں جو کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کے علاج میں رات دن مصروف ہے ۔
اے پی پی /صائمہ حیات/اسرار