کسی بھی حکومت کی اولین ترجیح عوام کی صحت، زندگی کا تحفظ ہے: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری

86

اسلام آباد، 24 مارچ (اے پی پی ): چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری عوام کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہے۔ اگر ہم سب ایک ہوجائیں تو کرونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

منگل  کو  جاری کرونا وائرس کے حوالے سے  اپنے ویڈیو پیغام میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری دنیا میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے، لوگ بیمار اور ہلاک ہورہے ہیں۔کرونا وائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے۔کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے ، آپ کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لئے سندھ حکومت نے سخت فیصلے لئے ہیں۔انہو ں نے عوام سے  سندھ حکومت  کے  لاک ڈاؤن کے فیصلے پر تعاون کی اپیل کی ۔

بلاول بھٹو زرداری  نے  کہا کہ اگر لاک ڈاؤن کے دوران آپ بیمار ہوجاتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ آپ کا ٹیسٹ کرایا جاسکے، اس دوران راشن کی ضرورت ہے تو آپ سندھ حکومت سے رابطہ کریں تا کہ  راشن آپ کو پہنچایا جائے۔انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ سندھ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ غریبوں کا خیال کیا جاسکے۔انہوں نے  بتایا کہ سندھ حکومت نے حکم دیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کوئی کسی کو بیروزگار نہیں کرسکتا  بلکہ اس دوران کی تنخواہ بھی دینا ہوگی۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ سندھ حکومت ایسے اقدامات کررہی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف پہنچاسکیں۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام 14 دن کیلئے گھروں میں نہ رہی  اور حکومت  کے ساتھ تعاون نہیں کیا  تو ساری محنت ضائع ہوجائے گی۔ انہوں نے  عوام سے سندھ حکومت سے تعاون کرنے  اور   گھر پر رہ کر  تحفظ کرنے کی اپیل کی ۔

اے پی پی /سحر/قرۃالعین