زائرین کے ٹیسٹ کے عمل میں اضافے اور زائرین کو فراہم کی گئی سہولتوں کی مزید بہتری کی ہدایت : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

144

کوئٹہ 16 مارچ (اے پی پی): کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان  نے کہا کہ کورونا وائرس سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے جاری اقدامات کو مزید موثر بنانے اور قرنطینہ کئے گئے زائرین کے ٹیسٹ کے عمل میں اضافے اور زائرین کو فراہم کی گئی سہولتوں کی مزید بہترکیا جائے۔ سیکریٹری صحت کی جانب سے اجلاس کو کورونا وائرس سے متعلق امور اور حکومتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت تفتان میں تقریباً تین ہزار زائرین موجود ہیں جن میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے زائرین اور ٹریڈرز کی تعداد 413 ہے پی سی ایس آئی آر لیبارٹری میں سات دن قبل آئے زائرین کی تعداد 126 جبکہ گذشتہ تین روز کے دوران  آئے زائرین کی تعداد 414ہے جنہیں علیحدہ علیحدہ رہائش دی  گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس صوبے کے کسی ایک حلقے یا علاقے کا نہیں بلکہ پورے صوبے کا مسئلہ ہے جس سے موثر طور پر نمٹنا بحیثیت حکومت ہماری ذمہ داری ہے، صوبائی وزراء بھی عوام سے رابطے میں رہتے ہوئے انہیں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں یقینا یہ ایک مشکل وقت ہے جس سے نکلنے کے لئے حکومت اور کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔اجلاس میں صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، زمرک خان اچکزئی، میر ظہور بلیدی، سیکریٹری صحت، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شرکت کی۔

وی این ایس، کوئٹہ