ہنگو ،19 مارچ (اے پی پی ): ضلعی پولیس آفیسر اورکزئی نثار احمد خان نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کیساتھ ملکر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جائے گا ، پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور کوئی بھی کوشش ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتی ۔
اور کزئی ہیڈکوارٹر ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے سے متعلق میڈیا سے گفتگو میں ضلعی پولیس آفیسر اورکزئی نثار احمد خان کا کہنا تھا کہ پولیس کے جوانوں نے سیکیورٹی فورسز کے تعاون سے نہایت جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کے دوران دو اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا اور دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملادئیے ۔
ڈی پی او نثار احمد خان نے کہاکہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور سیکیورٹی فورسز کیساتھ ملکر دہشت گردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا نے کےلئے بھر پور کوششیں جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ شہدا نے فرائض کے انجام دہی کے دوران بہادری اور جرات کی لازوال مثال قائم کی جو ہمارے لیے مشعل راہ ہو گئی۔
وی این ایس ،ہنگو