سی پی او راولپنڈی کا کورونا وائرس کے پیش نظر کھلی کچہری موخر کرنے کا فیصلہ ،عوامی شکایات ٹیلی فون، ای میل اور واٹس ایپ پروصول کرنے کا حکم

118

راولپنڈی ،24 مارچ(اے پی پی ):سی پی او راولپنڈی محمد احسن نے کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر کھلی کچہری کو تاحکم ثانی موخر کرنے کے احکامات جاری کردئیے اور شہریوں کی شکایات اور درخواستیں بذریعہ ٹیلی فون، ای میل، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا وصول کرنے کا طریقہ کار وضع کر دیا گیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق واٹس ایپ اور ٹیلی فون پر شہریوں کی موصول ہونے والی درخواستوں پر سی پی او نے شہریوں سے فون پر رابطہ کیا۔ واٹس ایپ پر موصول ہونے والی شہری کی درخواست پر ایس ایچ او ویسٹریج کو فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی دیا۔

سی پی او نے شہریوں کی درخواستوں پر ڈی ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی وارث خان کو تفتیش کی نگرانی کا حکم بھی دیا اور افسران کو ہدایات جاری کیں کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلہ میں حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ شہریوں کی شکایات سننا بھی ضروری ہے۔

 سی پی او کہنا ہے کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت حل اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اے پی پی /حمزہ/حامد