لاہور 31 مارچ (اے پی پی)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بزدار حکومت نے شہباز شریف کو کھلے دل کے ساتھ خوش آمدید کہا تھاہمیں امید تھی کہ شہباز شریف کرونا کے خلاف حکومت کے شانہ بشانہ جدوجہد کریں گے۔افسوس انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت کے خلاف گلی محلے کی سیاست شروع کر دی شہباز شریف کا زہریلا پروپیگنڈا وائرس کرونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہےشہباز شریف اس برے وقت میں نیلسن منڈیلا بنیں، گوالمنڈیلا نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے شہباز شریف پنجاب کے ہر ضلع میں یورپ اور امریکہ کی طرز کے ہسپتال چھوڑ گئے تھےشہباز شریف ایسے تنقید کر رہے ہیں جیسے آپ ایک لاکھ وینٹی لیٹرز اور دس لاکھ حفاظتی کٹس چھوڑ گئے تھے ۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تمام ادارے بشمول فوج آرٹیکل 245 کے تحت ملکر کرونا کے خلاف برسرِ پیکار ہیں شہباز شریف ملکی اداروں پر کرونا سے متعلق اعدادوشمار چھپانے کا الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اس کڑے وقت میں مثبت کردار ادا کریں۔











