صدر ڈاکٹر عارف علوی کاخواتین پارلیمنٹری کاکس کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

164

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں خواتین کے کردار سے انکار ممکن نہیں، ہمیں ایسا ماحول پیدا کرنا ہے کہ خواتین تعلیم حاصل کرنے کے بعد گھر نہ بیٹھیں بلکہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، خواتین کا وراثت میں حق یقینی بنانا ہو گا، خواتین کو ہراساں کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے، ہمیں ملک میں ایسا ماحول پیدا کرنا ہو گا کہ خواتین کو اپنے تحفظ کا خود احساس ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو خواتین پارلیمنٹری کاکس کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کی خود مختاری کے حوالہ سے پارلیمنٹری کاکس کا اہم کردار ہے، خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ارکان پارلیمنٹ پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ارکان پارلیمنٹ کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا چاہئے، قوموں کی ترقی میں خواتین کے کردار سے انکار ممکن نہیں، ہر شہری کے کردار سے ہی قومیں ترقی کرتی ہیں، خواتین کو وراثت میں حق یقینی بنانا ہو گا، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن، متقفہ نکات پر آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو تعلیمی میدان میں مواقع کی فراہمی اہمیت کی حامل ہے، ہمیں ایسا ماحول پیدا کرنا ہے کہ خواتین تعلیم حاصل کرنے کے بعد گھر نہ بیٹھیں بلکہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، خواتین کو ملازمتوں میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کئے جانے کی نشاندہی کرنا بھی ایک مشکل کام ہے، ملک میں ہراسیگی سے تحفظ کیلئے محتسب کا ادارہ موجود ہے، خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی حوصلہ شکنی ضروری ہے، خواتین کو ہراساں کرنے والوں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔

اے پی پی /نیوزڈیسک /ریحانہ