پشاور،20 مارچ(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ نے پابندی کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے دکانوں، شادی ہالوں سمیت حجام کی دکانوں کو کاروائی کرکے سیل کر دیا۔
صوبائی حکومت کے احکامات پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر پانچ روز کے دوران اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) سارہ رحمان نے حیات آباد سمیت دیگر علاقوں میں مختلف شادی ہالوں، سکولوں، کوچنگ اکیڈمیوں، جم، سنوکر کلف، حجام کی دکانوں، ریسٹورنٹس سمیت دیگر دکانوں کا معائنہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر (شاہ عالم) ڈاکٹر احتشام الحق نے چارسدہ روڈ، اسسٹنٹ کمشنر (صدر) اصلاح الدین نے چمکنی اور نواحی علاقوں، اسسٹنٹ کمشنر (متنی) رضوانہ ڈار نے کوہاٹ روڈ اور کنال روڈ پر مختلف علاقوں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان نے شاہین مسلم ٹاؤن، مرشد آباد سمیت دیگر علاقوں،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی نے ٹاؤن ون کے مختلف علاقوں،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر منیٰ ظاہر نے حیات آباد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلشن آرا نے پشاور صدر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عبدالولی نے یونیورسٹی روڈ اور قریبی علاقوں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہ وزیر نے ورسک روڈ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ نے کوہاٹ روڈ جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید ایوب شاہ نے ڈبگری رامداس و دیگر علاقوں میں مختلف شادی ہالوں، سکولوں، کوچنگ اکیڈمیوں، جم، سنوکر کلف، حجام کی دکانوں، ریسٹورنٹس سمیت دیگر دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی پرمجموعی طور پر 500 سے زائد کو سیل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کے احکامات پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وی این ایس، پشاور