قوم ،حکومت اور فوج نے مل کر کورونا وائرس کو شکست دینی ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

127

پشاور،25مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت کی طرف سے

اعلان کردہ پیکج کے طرز پر صوبائی حکومت کی طرف سے بھی عوام کیلئے پیکج کے اعلان کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور عنقریب عوام خصوصاً دیہاڑی دار ، مزدور ، محنت کش اور یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے طبقے کیلئے ایک جامع پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ضلع خیبر کے ایک روزہ دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ اُس دورے کا مقصد طورخم بارڈر کھلنے کی صورت میں سرحد پار سے آنے والے لوگوں کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینا تھا ۔ ضلع خیبرمیں اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ ، این ڈی ایم اے ، پاک فوج اور فرانٹیر کور کی طرف سے کئے گئے انتظامات کو تسلی بخش قراردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہ صرف ضلع خیبر بلکہ پورے صوبے میں سول انتظامیہ ، پاک فوج اور دیگر تمام ادارے مل کر اس وباءکے پھیلاﺅ کو کم سے کم کرنے کیلئے دن رات ایک کرکے کوششیں کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے دیگر اقدامات کے علاوہ کورونا کے مریضوں کی علاج معالجے کیلئے ہنگامی طور پر 1300 ڈاکٹرزبھرتی کئے ہیں جبکہ 800 مزید ڈاکٹرز ایک ہفتے کے اندر بھرتی کئے جائیں گے ۔کورونا وباءکو اﷲ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے مزید کہاکہ حکومت اپنے وسائل سے بڑھ کر اس آزمائش پر پورااُترنے کیلئے کام کر رہی ہے اگر عوام کا تعاون ساتھ رہا تو انشاءاﷲ تعالیٰ بحیثیت قوم اس آزمائش میں سرخرو ہوجائیں گے۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے واضح کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں میں کوئی بھی ایک مقامی نہیں اور یہ سب تفتان سے آئے ہوئے زائرین ہیں جن کو آئسولیشن مراکز میں رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ مردان کے علاقہ منگا کی صورتحال پر حکومت کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور وہاں پر قرنطینہ کردہ لوگوں کی بنیادی ضروریات کا بھر پور خیال رکھا جا رہا ہے جس کے لئے وزیراعلیٰ کی ہدایات پر ایک مکمل ٹیم تعینات کر دی گئی ہے ۔

اے پی پی /صائمہ حیات/ھامد