لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا پولیس لائنز میں کورونا کے حوالے سے تربیتی کیمپ کا انعقاد

140

پشاور،26مارچ(اے پی پی): لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور انتظامیہ نے آج ملک سعد پولیس لائنز میں کورونا کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جسکا مقصد کورونا کے مریض کے ساتھ پولیس اہلکاروں کے ممکنہ رابطے کی صورت میں احتیاطی تدابیر سکھانا تھا۔

تربیتی سیشن کے دوران ایل آر ایچ کے ڈاکٹرز نے پولیس اہلکاروں کو مخصوص لباس، ماسک، یینڈ واش اور دوسری ضروری ہدایات کے بارے میں تفصیل سے بتایا جبکہ ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں جس طرح ایل آر ایچ کے طبی عملے کیساتھ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے رول کی بھی اہمیت پر خطاب کیا۔

اس موقع پر سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈاپورنے بھی ٹریننگ کی اہمیت کے بارے اپنے حاضرین کو بتایا کہ مزکورہ ٹریننگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے لئے بہت اہم ہے اور اس سے کورونا مریضوں کو ہینڈل کرنے میں آسانی ہوگی اور اپنی اور دوسروں کی حفاظت کرنے  میں بھی بہت مدد ملے گی۔

تربیتی کیمپ کے شرکاء میں سی سی پی محمد علی گنڈاپور, ایل آر ایچ کے  ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود, ایس ایس پی آپریشن ظہور آفریدی ڈاکٹرز, نرسز اور پولیس فورس کے افسران اور اہلکاران شامل تھے۔

اے پی پی /صائمہ حیات/ھامد