مری،08 مارچ (اے پی پی):ملکہ کوہسار مری نے ایک بار پھر برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، اب تک سات انچ تک برف پڑ چکی ہے۔
پانچ روز سےجاری برف باری اور موسلادھاربارش سے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی جس سے شاہراہ کشمیر سمیت مری کے مختلف مقامات پر سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ لوئر شاہراہ کشمیر علیوٹ پھگواڑی روڈ پر سترہ مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جبکہ نیو مری ڈھانڈہ گہل روڈ اور کیری روڈ لینڈ سلائیڈنگ سے مکمل طور پر بند ہے۔
مسلسل برف باری اور بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ہے جس سےعوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
برف باری کا حالیہ سلسلہ رات گئے شروع ہوا جو تاحال وقفہ وقفہ سے جاری ہے جبکہ دوسری جانب محکمہ ہائی وے نے اتوار کی صبح ہی سے تمام شاہراہوں سے مشینوں کے ذریعے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
برف باری مری شہر بھوربن اور نیو مری کے علاقوں تک پڑی ہے جبکہ ویک اینڈ پر ملک بھر سے آنے والے سیاح برف باری کو دیکھ کر جھوم اٹھے اور برف سے خوب لطف اندوز ہوتے رہے۔
برف باری سے مری کا درجہ حرارت منفی دو تک پہنچ گیا ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔
وی این ا یس ،مری











