معاون خصوصی برائےامورنوجوانان کی وزیر خارجہ سے ملاقات، ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ ء خیال

169

اسلام آباد ،30 مارچ (اے  پی پی ): معاون خصوصی برائےامورنوجوانان عثمان ڈار نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں  وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کرونا وائرس کے حوالے سے خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے  سے تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

پیر کو   وزارت خارجہ میں ہونے والی  ملاقات میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان، پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور استعداد کار کو پیش نظر رکھتے ہوئے، نوجوانوں کو کرونا کے خلاف ضرورت مندوں کی مدد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ یہ فورس گھر گھر جا کر کھانا فراہم کرے گی اسی لئیے انہیں ‘کرونا ٹائیگر فورس’ کا نام دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کم آمدنی والے  غریب طبقے کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے ، غریب کی مشکلات کے ازالے کیلئے  “کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے۔ پاکستانی نوجوانوں نے  سیلاب ہو یا  زلزلہ، ہر مشکل گھڑی میں، بہترین جذبے کا مظاہرہ کیا اور بے لوث خدمات سر انجام دیں۔

اس موقع  پر عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کرونا ٹائیگر فورس کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا ہے نوجوانوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر اس  ٹائیگر فورس کا حصہ بنایا جائے گا۔اس  رضا کار فورس کو قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی پہرا داری اور  ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی کیلئے استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ٹائیگر فورس میں شرکت کیلئے، ملک بھر سے رضاکاروں کی رجسٹریشن کا عمل  31 مارچ سے 10 اپریل تک، سیٹیزن پورٹل کے ذریعے مکمل کر لیا جائے گا ۔یہ رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنے اپنے علاقوں میں ضرورت مند لوگوں کے گھروں تک کھانا فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

اے پی پی /حمزہ /قرۃالعین