ملتان ، 30 مارچ (اے پی پی ): قرنطینہ میں کام کرنیوالے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینٹری ورکرز کے لئے انعام و کرام کا سلسلہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر قرنطینہ کے سینٹری ورکرز کواپریل کی سیلری کے ساتھ بھی ایک اضافی تنخواہ دی جائے گی۔
اضافی تنخواہ کا اعلان کرتے ہوئے سینٹری ورکرز سے خطاب میں ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر نے کہا کہ سینٹری ورکرز کو مارچ کی تنخواہ کے ساتھ بھی اضافی سیلری دی گئی تھی،اب اپریل کی تنخواہ کے ساتھ دوسری اضافی تنخواہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ قرنطینہ میں کام کرنیوالے تمام سینٹری ورکرز کے گھر ایک ماہ کا راشن پہنچادیا گیا ہے، سینٹری ورکرز کو کٹ کے علاوہ جوتے بھی فراہم کر دئے گئے ہیں، قرنطینہ میں کام کرنیوالے سینٹری ورکرز کمپنی کے ماتھے کا جھومر ہیں،ابتدائی دنوں میں سینٹری ورکرز نے انتہائی مشکل حالات میں اپنی ڈیوٹی نبھائی۔
ناصر شہزاد ڈوگر نے کہا کہ قرنطینہ میں کام کرنے والے سینٹری ورکرز کی صحت کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
اے پی پی /ملتان /قرۃالعین











