وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اطالوی سفارت خانے کا دورہ ، کرونا کے باعث اٹلی میں ہونیوالے کثیر جانی نقصان پر اظہار تعزیت

104

اسلام آباد ،24 مارچ  (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  منگل کے روز  اسلام آباد میں اٹلی کے سفارت خانے کا دورہ کیا   اور عالمی وبا کرونا کے باعث اٹلی میں ہونیوالے کثیر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اطالوی  سفیر کیساتھ اظہار تعزیت کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  کی اطالوی سفارت خانے  آمد پر  پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر آندریاس فراریزے نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ عالمی وبا کرونا نے بہت تیزی کے ساتھ دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے یہ وہ چیلنج ہے جس کا سامنا ہم سب کو درپیش ہے۔اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے اقوام عالم کو متفقہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا  کہ  اس عالمی آفت سے نمٹنے کیلئے پاکستان اپنے محدود وسائل کے باوجود ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔

اطالوی سفیر نے سفارت خانے آمد اور اس مشکل گھڑی میں اظہار یکجہتی کرنے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

اے پی پی/ عمار برلاس /حامد