کرونا سے بچاؤ کے لیے صوبے کے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں: اجمل وزیر

124

پشاور،30مارچ(اے پی پی):صوبائی مشیر اطلاعات  اجمل خان وزیر نے عوام پر زور دیا کہ وہ موجودہ مشکل صورتحال میں حکومت سے تعاون کریں ، اپنے اور دوسرے لوگوں کی حفاظت کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلی محمود خان کی قیادت میں کورونا سے نمٹنے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام کا بھرپور ساتھ دیا جائیگا۔

وہ پیر کے روز پشاور شہر اور صدر میں مختلف بازاروں کے دورے کے موقع پر تاجروں اور عام لوگوں سے بات چیت کررہے تھے۔  اس موقع پر تاجروں نے مشیر اطلاعات کو بتایا کہ وہ عوامی فلاح کے جذبے کے تحت اپنی دوکانوں میں موجود ہیں اور عوام کو اشیائے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

اجمل وزیر نے تاجروں کے قومی جذبے کو سراہا اور کہا کہ صوبے میں آٹے کا کوئی بحران نہیں، پنجاب سےبھی صوبے کے مختلف اضلاع کو آٹے کی سپلائی جاری ہے جبکہ صوبے میں مئی کے آخر تک گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔انہوں نے مزید   کہا ہے کہ کرونا  بحران ایک اجتماعی مسئلہ ہے اور اجتماعی کوششوں سے ہی اس پر قابو پایا جا سکے گا۔

اے پی پی /صائمہ  حیات /قرۃالعین