کورونا بیماری سے بچاؤ علاج سے زیادہ احتیاطی تدابیر سے ممکن ہے: گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان 

181

پشاور، 22مارچ(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ کورونا بیماری سے بچاؤ علاج سے زیادہ احتیاطی تدابیر سے ممکن ہے، لوگ ڈرنے کی بجائے اپنے آپ،اہل خانہ اوراپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔ اگر موجودہ حالات میں بچوں اور ضعیف العمر افراد کو محفوظ رکھنے کے لئے ہاتھوں کی صفائی سمیت دیگر احتیاطی تدابیر، محکمہ صحت اور حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کو عادت بنایا جائے تو اس بیماری سے بچاؤممکن ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے  وڈیو پیغام میں کیا جس میں انہوں نے کہا کہ چین کے لوگوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے نہ صرف اس موذی وباء پر بروقت قابو پایا بلکہ دیگر ممالک کو بھی حتی الوسع محفوظ رکھنے میں مدد  کی جبکہ ان کے مقابلے میں اٹلی کے لوگوں نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے چین کے مقابلے میں آدھے متاثرہ افراد کی تعداد ہونے کے باوجود ان کے ہاں اموات کی شرح زیادہ ہے۔

گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ لوگ ڈرنے کے بجائے اگر اپنے آپ کو گھروں تک محدودرکھیں اور تقریباًدوہفتے تک لوگوں سے الگ تھلگ رہیں اور ملتے وقت احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تو موذی وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم ایک غریب قوم ہیں اور اتنا عرصہ بند رہ کر روزی روٹی کے مسئلے سے دوچار ہوسکتے ہیں لیکن  ہمیں یہ چھوٹی تکلیف بڑی تکلیف سے بچنے کیلئے سہنا ہوگی۔

وی این ایس ، پشاور

Download Video