ایبٹ آباد؛ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں پی سی آر مشین کی انسٹالیشن مکمل،کرونا وائرس کے ٹیسٹ دو دن میں شروع کئے جائیں گے

159

ایبٹ آباد، 19 اپریل(اےپی پی ):ایوب ٹیچنگ ہسپتال جو کہ اس وقت کرونا وائرس کے مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے،ہسپتال  میں مریضوں کے لیے آئسولیشن بلاک،  آئی سی یو قائم کرنے کے ساتھ ٹیسٹنگ کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے،کرونا وائرس  کی تشخیص  کیلئے پی سی آر ٹیسٹ ایک انتہائی پیچیدہ ٹیسٹ ہے اور اس کے لیے اعلیٰ معیار سیفٹی سٹینڈرڈ قائم کئے جاتے ہیں۔

پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ سے ڈاکٹر عمار بن سعد نے عوام کو پی سی آئی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پی سی آر ایک مخصوص ٹیسٹ ہے جو کہ مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لیے استعمال ہوتا ہے اور کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے بھی پی سی آر ہی استعمال ہوتا ہے،پی سی آر ٹیسٹ کے لئے ایک مخصوص لیبارٹری ہوتی ہے اس کے اندر مخصوص جگہوں کے اوپر  مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد اس ٹیسٹ کو تیار کیا جاتا ہے۔

انہو ں نے  کہا کہ کرونا وائرس چونکہ انتہائی تیزی سے پھیلنے والا وائرس ہےاور اس  کے نمونے کے ٹیسٹ کرتے وقت بہت سے اقدامات کئے جاتے ہیں تاکہ لیبارٹری کا عملہ اس سے متاثر نہ ہو۔

ڈاکٹر احسن اورنگزیب نے کہا کہ پی سی آر مشین کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کا ایک بنیادی جزو ہے لیکن اس سے پہلے اور بھی مراحل طے کرنا پڑھتے ہیں،کرونا وائرس کا ٹیسٹ چونکہ ایک زندہ وائرس پر کیا جاتا ہے اس لیے اس کے لیے حفاظتی سٹینڈر سیٹ کرنے پڑتے ہیں جنہیں بائیو سیفٹی لیب سٹینڈرڈز  کہا جاتا ہے، جس کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ صحت کے معیار کے مطابق لیبارٹری سیٹ کی گئی ہے تا کہ ٹیسٹ کرتے ہوئے ہمارا عملہ متاثر نہ ہو۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہم پہلے دن سے ہسپتال کے اندر ٹیسٹنگ کی سہولت قائم کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، ہمارا عملہ دن رات لگا کر کم سے کم وقت میں لیبارٹری تیار کر چکا ہے اور اس وقت مکمل طور پر ہمارا عملہ عوام کی خدمت کرنے کے لیے موجود  ہے۔

واضح  رہے کہ  آغاز میں کرونا لیبارٹری سےروزانہ 150 سے 200 ٹیسٹ کیے جائیں گے اور آنے والے دنوں میں تعداد مزید بڑھا دی جائے گی،ہسپتال انتظامیہ نے پہلے ہی لیبارٹری کے عملے کو این آئی ایچ اسلام آباد سے ٹریننگ کروا دی ہے۔

اے پی پی /وقا ص احمد/حامد