لاہور، 09اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز آڈیٹوریم میں کوروناوائرس کے مریضوں کیلئے مختص کئے گئے دو
وارڈزکادورہ کیا۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ایکسپو سنٹر کورونا وائرس ہسپتال سے تشویش ناک حالت میں مریضوں کومختص وارڈزمیں منتقل کیاجائے گا۔
اس موقع پر پرنسپل سمز پروفیسرمحمود ایازنے صوبائی وزیرصحت کوکوروناوائرس کے کنفرم مریضوں کیلئے مہیاکی جانے والی طبی سہولیات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سمزآڈیٹوریم میں کوروناوائرس کے تشویشناک حالت کے مریضوں کیلئے بتیس بستروں پرمشتمل طبی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ ہربستر پرمریض کی سہولت کی خاطر وینٹی لیٹرز ودیگرطبی سامان نصب کیاگیاہے۔ سمزآڈیٹوریم میں ایکسپوسنٹر سے تشویشناک حالت میں آنے والے مریضوں کوالگ اینٹری سے وارڈمیں لایاجائیگا۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ کوروناوائرس کے مریضوں کاعلاج کرنے والے ڈاکٹرز، نرسزاورپیرامیڈیکل سٹاف کے حوصلے بلندہیں۔ کوروناوائرس کے مریضوں کاعلاج کرنے والے تمام ڈاکٹرزکوحفاظتی سامان مہیاکیاجاچکاہے۔ ہمیں بحیثیت قوم کوروناوائرس کے خلاف جنگ کوجیتناہے۔
صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ بزرگ شہری اپنی صحت اورخوراک کاخاص خیال رکھیں۔ عوام گھروں میں محدود اور احتیاطی تدابیر اپنا کر کورونا وائرس کابہترین مقابلہ کرسکتی ہے جبکہ حکومت کوروناوائرس پرقابوپانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے۔
اے پی پی /لاہور/قرۃالعین