سر سبزپاکستان کے لیے پاک بحریہ کی مینگرووزاُگاؤمہم 2020کا آغاز

128

کراچی ،21 اپریل (اے پی پی ): پاک بحریہ نے حکومت پاکستان کے “کلین اینڈ گرین پاکستان” پروگرام کی مناسبت سے صوبہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مینگرووز کے پودے لگانے کی مہم کی پانچویں کڑی کا آغاز کر دیا ہے۔ کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے پورٹ بن قاسم کے علاقے میں تیمرکا پودا لگا کر پاکستان نیوی مینگرووز اُگاؤمہم 2020 کا افتتاح کیا۔ اس مہم کے تحت رواں سال صوبہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 30 لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے جائیں گے۔

مینگرووزساحلی ماحولیاتی نظام ، سمندری کٹاؤ کی روک تھام اور سمندری حیات کے بچاؤکے لئے ناگزیر ہیں۔ بدقسمتی سے گزشتہ برسوں کے دوران ، غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پاکستانی ساحل کے ساتھ مینگرووز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔ سمندر کا ایک اہم شراکت دارہونے کی وجہ سے اور آبی حیات کے لئے مینگرووز کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے پاک بحریہ نے ساحل کے ساتھ ساتھ مینگرووز کے جنگلات کوبحال کرنے کے لئے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ آلودگی کے خاتمے ، ساحلی کٹاؤ کا مقابلہ کرنے اور ساحلی عوام کو معاشی ترقی کے متعدد مواقع فراہم کرنے میں مینگرووز کے جنگلات کی اہمیت کے پیش نظروفاقی حکومت کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پاک بحریہ باقاعدگی سے مینگرووز اگاؤ مہم کا انعقاد کرتی ہے۔ چار سال قبل مینگرووز اگاؤمہم کے آغاز سے اب تک پاک بحریہ کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر 60 لاکھ سے زائد مینگرووز کے پودے لگائے جا چکے ہیں۔

اس موقع پر  پاک بحریہ کے سربراہ نے اپنے پیغام میں جنگلات کی کٹائی میں اضافے کی وجہ سے درپیش ماحولیاتی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ مینگرووز کی غیر معمولی کمی کی شرح نے ساحلی علاقوں کے جنگلات کو متاثر کیا ہے اور سمندری ماحولیاتی نظام میں بگاڑ پیدا کر دیا ہے، لہذا ضروری ہے کہ بہتر پالیسی سازی اور اداروں کی جانب سے مشترکہ اقدامات کے ذریعے جنگلات کے کٹاؤکو روک کر ان کی افزائش کو فروغ دیاجائے۔

 نیول چیف نے اپنے پیغام میں پاکستان بحریہ کی جانب سے مینگرووز کے جنگلات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور سرکاری محکموں ، صنعتی برادری اورتمام افراد سے پرزور اپیل کی کہ وہ سمندری ماحولیات کی بہتری او ر آئندہ نسلوں کے لئے اس قدرتی ماحول کے تحفظ کی خاطر آگے بڑھ کر اس امر میں اپنا کردار ادا کریں۔

کورونا کی وباءکے پھیلاﺅ کے باعث مینگروو زاگاﺅ مہم کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وصوبائی جنگلات کے محکموں اور بین الاقوامی یونین برائے تحفظ فطرت (IUCN) کے نمائندوں کی محدود تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران،تمام نمائندوں نے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مینگرووز کی افزائش سے قبل مختلف مقامات کے سروے اور مینگرووز کے بیج کی فراہمی اوروسیع پیمانے پر پودے لگانے کے لیے بھرپور تعاون اور تکنیکی مدد کی فراہمی کا یقین دلایا۔

اے پی پی /حمزہ/قرۃالعین