ضلع کرم میں شہریوں کو کرونا وائرس سے بچانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں: ڈپٹی کمشنر شاہ فہد

139

پشاور،یکم اپریل(اے پی پی): ضلع کرم کے ڈپٹی کمشنر شاہ فہد نے بتایا کہ ضلع کرم میں پہلے سے شہریوں کو کرونا وائرس سے بچانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، آج 32 مشتبہ افراد میں سے دو افراد کا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا ہے جس کے بعد مزید اقدامات پر غور کیا جارہا ہے اور مریضوں کے گھروں کو کورنٹین کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اپر کرم کے علاقے احمد زئی سے تعلق رکھنے والی بائس سالہ خاتون کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جو کہ پہلے سے  آئسولیشن سینٹر میں ہے، خاتون کی رشتہ داروں میں کئی روز پہلے گلگت بلتستان آمد و رفت ہوئی تھی اور خاتون نے شادی کی ایک تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

 ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کرم کے سرحدی علاقے سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ اجمل کا ٹیسٹ بھی پازیٹیو آگیا ہے جو کہ تفتان کے راستے ایران سے پاکستان داخل ہونے کے بعد پشاور پہنچ گیا تھا اور پشاور سے کوچ کے ذریعے ضلع کرم پہنچا تو خاندان کے افراد کے تعاون سے اسے کسی سے ملے بغیر قرنطینہ سنٹر منتقل کردیا گیا اور آج ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسے آئسولیشن سینٹر شفٹ کردیا گیا۔

 ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں پانچ مقامات پر آئسولیشن سینٹر قائم کئے گئے ہیں جبکہ چھ مقامات پر قرنطینہ سنٹر قائم ہیں اور اٹھارہ مقامات پر قرنطینہ سنٹر بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃالعین