نشتر ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کورونا وائرس کا شکار ہونا افسوسناک ہے، حفاظت یقینی بنائی جائے گی؛ ڈاکٹراخترملک

157

ملتان ،12 اپریل (اے پی پی): وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے،کورونا وائرس ایک سنجیدہ ایشو ہے لیکن شہری اسے اہمیت نہیں دے رہے۔وزیر توانائی پنجاب نے کہا کہ نشتر ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کورونا وائرس کا شکار ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ان کی حفاظت کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہار وزیر توانائی پنجاب نے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے انتظامیہ اور منتخب ممبران اسمبلی میں مشاورت بارے اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں  احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے سنٹرز پر نظام مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ کورونا وائرس کے خطرات کم کرنے کیلئے لاک ڈاون پر سختی سے عملدر آمد کرانے کے لئے حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔

وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور ان کی ٹیم نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر قرنطینہ مرکز میں زائرین کی خدمت کی ہے۔کوروناوائرس کو ترقیاتی عمل میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ انتظامیہ نے حکومت کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر امدادی رقوم کے سنٹرز پر انتظامات کئے ہیں۔حبیب بنک کچھ سکولوں میں کیش کیری کے مسائل کی وجہ سے سنٹر قائم نہیں کر سکا،عامر خٹک نے کہا کہ گندم خریداری کے دوران باردانہ جاری کرتے وقت حقیقی کاشتکا روں کو ترجیح دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ضلع میں تبلیغی جماعت کے 850 اراکین کو کورنٹائن کیا گیا ہےاور تبلیغی جماعت کے تمام اراکین کے ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے،ٹیسٹ رزلٹ ملے کا انتظار ہے۔

اے پی پی /ملتان/حامد