اسلام آباد، 21اپریل(اے پی پی ): وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت آزاد کشمیر کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزرا، چیف سیکرٹری ،آئی جی پولیس سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں آزادکشمیر میں جاری لاک ڈاون کی صورتحال سمیت رمضان المبارک کے تناظر میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر کہا کہ آزادکشمیر میں ابھی تک 51 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور 23 افراد مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں،احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوے لاک ڈاؤن کو کو آزمائشی طور پر نرم کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کو اعتماد میں لیکر متفقہ فیصلہ کرینگے یہ ہنگامی حالات ہیں، ہمیں اس بیماری کے ساتھ زندہ رہنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار طبقات کی مشکلات کا احساس ہے عوام رمضان المبارک میں صدقہ کریں،عوام سے اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائیں اور عید کی خریداری کے بجاے اپنے اردگرد مستحق افراد کی مدد کریں۔
وزیراعظم آزادکشمیر لاک ڈاون کے حوالے سے اسلام آباد میں کل آزادکشمیر کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مشاورت کرینگے۔
اے پی پی /سدرہ /حامد











