وزیراعلی خیبرپختونخوا کی عوام سےسماجی رابطوں کو کم کرنے میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی اپیل

94

پشاور،20اپریل(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا  محمود خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سماجی رابطوں کو کم کرنے میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں کیونکہ ان کے تعاون کے بغیر اس وباءپر قابو پانا بہت مشکل ہے، حکومت اس مشکل صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

پیر کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے  وزیراعظم عمران خان کی طرف سے 114 ارب روپے کے ریلیف پیکج ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پیکج کے تحت صوبے کے مستحق خاندانوں کو 12ہزار روپے فی خاندان دئیے جارہے ہیں ، صوبائی حکومت کے پیکج کے تحت صوبے کے 22لاکھ مستحق خاندانوں کو فی خاندان چھ ہزار روپے دئیے جائیں گے جبکہ زکوٰة فنڈز کے تحت بھی صوبے کے ایک لاکھ مستحق خاندانوں کو بارہ ہزار روپے فی خاندان دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ طبی عملے، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں سمیت فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صوبے میں کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد کار کو 40 ٹیسٹ روزانہ سے بڑھاکر 1000 ٹیسٹس کردیا گیا ہے اور اس کو مزید بڑھانے پر کام جاری ہے۔ موجودہ صورتحال میں صوبائی حکومت نے مجموعی طور پر بتیس ارب روپے کا ریلیف پیکج دیا ہے، افغانستان و خلیجی ممالک سے آنیوالوں کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں،یہاں آمد پر انہیں قرنطینہ میں رکھا جائیگا، ان کی سکریننگ اور ٹیسٹنگ کی جائیگی اور کلیئر ہونے کی صورت میں انہیں گھروں کو بھیج دیا جائیگا۔

وزیراعلیٰ نے موجودہ صورتحال میں ذخیرہ اندوزی کرنے کی کوشش کرنے والوں کو سختی سے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی میں ملوث پایا گیا تو اسے نشان عبرت بنادی جائیگا، جس کے لئے آرڈیننس منظور کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ  صوبائی حکومت نے اس مقصد کے لئے کنٹرول رومز قائم کیے ہیں، عوام اپنے اپنے علاقوں میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کے بارے میں متعلقہ کنٹرول رومز پر اطلاع دیں۔

 وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ لوگوں کی جان بچانے میں فرنٹ لائن ورکرز کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مجموعی طور پر بتیس ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور کیا ہے جس میں سے تیرہ ارب روپے احساس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو کیش دیے جائیں گے۔ کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے اور دیگر ضروری انتظامات کے لئے محکمہ صحت کو آٹھ ارب روپے جبکہ محکمہ ریلیف کو چھ ارب روپے جاری کئے گئے ہیں۔

 محمود خان نے کہا کہ زائرین کیلئے بہتر انتظامات کیے گئے اور اب وہ سارے زائرین باحفاظت اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں۔ تبلیغی حضرات ہمارے بھائی ہیں اور وہ دین کی تبلیغ کے عظیم مقصد کو لیکر اپنے گھروں سے نکلے ہیں ، یہ ہمارے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ، ان کے لئے خصوصی انتظامات کرنے کے سلسلے میں حکام  کو ہدایات دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کیمطابق کوشش کررہی ہے کہ کوئی بھوک و افلاس کا شکار نہ ہو۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں کمزور اور بے سہارا لوگوں کا بھرپور خیال رکھیں۔انہوں  نے مزید کہا کہ میں نے خود سے ابتدا کرتے ہوئے اپنے کرایہ داروں کو دو ماہ کے کرائے معاف کئے ہیں لہٰذہ اہل ثروت بھی اپنے آس پاس غریب و نادارلوگوں کا اسی طرح خیال رکھیں۔

اے پی پی /صائمہ حیات/قرۃالعین