وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان ، وفاقی وزیر مراد سعید نے کبل میں ریسکیو 1122 کی آپریشنل سروسز اور ریسکیو سٹیشن کا افتتاح کردیا

146

پشاور،16اپریل(اے پی پی): وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر مراد سعید نے ریسکیو 1122 کی کبل میں باقاعدہ آپریشنل سروسز اور  ریسکیو سٹیشن کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ریسکیو1122 اس وقت صوبے بھر میں کورونا وائرس سمیت کسی بھی ایمرجنسی کے خلاف فرنٹ لائن پر بہترین خدمات فراہم کررہا ہے اسلئے ریسکیو1122 کو کورونا وائرس کے خلاف جاری آپریشنل سرگرمیوں کے لیے تمام تر وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ سوات کی سات تحصیلوں میں ریسکیو1122 کے سات سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سیدو شریف، مٹہ، کبل، بریکوٹ، خوازہ خیلہ، بحرین اور چار باغ کے علاقوں میں بین الاقوامی طرز کی خدمات فراہمی کو یقینی بناکر ریسکیو1122 کی بہترین کارکردگی پر اس سروس کا دائرہ کار پورے صوبے تک پھیلا دیا گیا ہے۔

 اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے ریسکیو سروسز سے متعلق بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122  نے صوبائی حکومت کے تعاون سے رواں سال 16 نئے اضلاع میں ریسکیو سروسز کا آغاز کیا ہے جبکہ سٹیشنز کی تعداد 29 سے بڑھا کر 72 کر دی گئی ہے جن میں حالیہ ضم شدہ اضلاع خیبر، باجوڑ اور مہمند شامل ہیں، ریسکیو1122روزمرہ ایمرجنیسز کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے خلاف بھی ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے جس میں مہلک وائرس سے بچاؤ، تدارک اور آگاہی مہم، مشتبہ اور ممکنہ مریضوں کو بحفاظت ہسپتال یا قرنطینہ سینٹرز منتقل کرنا اور متاثرہ اضلاع اور دیگر علاقوں میں جراثیم کش سپرے شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان یوسفزئی نے کہا کہ ریسکیو1122 میں خواتین میڈیکل ٹیکنیشنز ایمبولینسز میں مرد اہلکاروں کے شانہ بشانہ خدمات فراہم کررہی ہیں۔ ریسکیو1122 بلاتفریق مختلف ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کررہی ہیں جبکہ عوام الناس کو بنیادی زندگی اور آگ سے بچاؤ سے متعلق تربیت فراہم کرنے کا عمل بھی  جاری ہے۔

اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃالعین