وزیراعظم آزادکشمیر سے تاجران کے نمائندگان کی ملاقات ،18 اپریل سے مارکیٹس کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا

191

مظفرآباد،16 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے آزادکشمیر بھر کے تاجران کے نمائندگان نے جمعرات کو یہاں  ملاقات کی  اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کو آگاہ کیا کہ تاجران نے 18 اپریل کو مارکیٹس کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

تاجرنمائندگان نے کہا کہ وزیر اعظم  راجہ فاروق حیدر خان پر مکمل اعتماد ہے وہ جو فیصلہ کرینگے ہمیں  قبول ہوگا۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ تاجر برادری کی تکالیف اور پریشانیوں کا احساس ہے،بازاروں کو مکمل بند نہیں رکھنا چاہتے ،احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے کاروبار شروع کرنے کا طریقہ کار طے کرینگے، آہستہ آہستہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوے لوگوں کو نارمل زندگی کی طرف لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجران ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف خود بھی کاروائی کریں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے آزادکشمیر بھر میں مالکان سے اپیل کی کہ لاک ڈاون کے پیش نظر دوکانوں کا کرایہ معاف کریں۔

اے پی پی/سدرہ /حامد