وفاقی وزیر براے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس

192

اسلام آباد ، 02 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر براۓ  منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی براۓ توانائی کا اجلاس آج پلاننگ کمیشن  میں منعقد ہوا جس میں پیٹرولیم ڈویژن کی ایل این جی (LNG ) ٹرمینل  کمپنیوں  سے مذاکرات کے حوالے سے  ایک سمری پر کابینہ کمیٹی نے معاملے پر مزید غور کرنے کیلئے ایک ذیلی کمیٹی قائم کر دی جو کابینہ کمیٹی براۓ توانائی کو ایک ہفتے تک رپورٹ کرے گی۔

 پیٹرولیم ڈویژن نے کمیٹی کو پاکستان ایل این جی ٹرمینل لمیٹڈ اور پاکستان گیس پورٹ کنسورشیم لمیٹڈ کے مابین مسئلے پر بھی بریف کیا ۔

پاور ڈویژن نے کمیٹی کو ملک میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ممکنہ اقدامات پر بریفنگ دی ۔حکومتی پاور پلانٹس کے کیپیسٹی چارجز کو منطقی بنانے  ، مختلف پاور پلانٹس کے قرضوں کا دورانیہ بڑھانے کے ممکنات اور فیول کی قیمت میں بہتری کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔کمیٹی نے مختلف کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دیں۔

کمیٹی کو توانائی شعبے کے ٹیکس ریفنڈ کے نظام میں مسائل کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا ، کمیٹی نے ٹیکس ریفنڈ کی جلد از جلد ادائیگی کا معاملہ کابینہ کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ۔

کابینہ کمیٹی کے ممبران ، وفاقی وزیر براۓ توانائی عمر ایوب، وفاقی وزیر براۓ ریلوے شیخ رشید ، وفاقی وزیر براۓ بحری امور علی زیدی، معاون خصوصی براۓ پیٹرولیم ندیم بابر ،پاور ڈویژن اور نیپرا کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔

اے پی پی/ سعیدہ/قرۃالعین