ایبٹ آباد، 15اپریل(اے پی پی ):ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس ہزارہ ریجن قاضی جمیل الرحمن نے ضلع بٹگرام کا دورہ کیا، ڈی آئی جی ہزارہ نے یادگار شہداء پولیس بٹگرام پر حاضری دی پھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ کے ضلع بٹگرام میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کیے گئے حفاظتی اقدامات اور سیکیورٹی کے حوالے سے ضلع بٹگرام کے پولیس افسران سے میٹنگ کی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام طارق سہیل نے موجودہ صورتحال اور دیگر اہم امور کے حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ کو تفصیلی بریفنگ پیش کی،ڈی آئی جی ہزارہ نے بٹگرام پولیس کے کرونا وائرس سے بچاو کے حوالے سے کیئے گئے اقدامات کو سراہا اور تسلی بخش قرار دیا۔
ڈی آئی جی ہزارہ قاضی جمیل الرحمن نے میٹنگ کے دوران ضلع بٹگرام کے پولیس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومتی احکامات کے نفاذ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے اور غیر ضروری دوکانیں، شاپنگ پلازہ و ٹرانسپورٹ چلانے والوں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار لوگوں کیساتھ خوش اخلاقی اور نرم مزاج سے پیش آئیں اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال بھی نہ کریں ۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ پبلک لیزان کونسل کے عہدیداران و ممبران کے زریعے علاقائی سطح پر لوگوں میں آگاہی مہم کے عمل کو تیز کریں ،لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی تلقین کی جائے، پبلک لیزان کونسل علاقہ کے علماء، تاجر برداری اور مشران سے ملاقاتیں کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ تمام پولیس افسران و نوجوان ،کرونا وائرس سے بچاو کے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کریں اور اپنی قیمتی جانوں کاخیال رکھیں تاکہ پولیس فورس کے جوان بھی اس موذی مرض سے بچ سکیں۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے ڈی پی او بٹگرام طارق سہیل و ڈی سی بٹگرام الطاف حسین کے ہمراہ قرنطینہ سنٹر چھپرگرام کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر سیکیورٹی اوردیگر امور کا معائنہ کیا۔ ڈی سی بٹگرام الطاف حسین نے ڈی آئی جی ہزارہ قاضی جمیل الرحمن کو قرنطینہ سنٹر چھپر گرام میں کرونا وائرس سے بچاو کیلئے کیے گئے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا اور پولیس کے بھرپور تعاون پر انکا شکریہ ادا کیا۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے ضلع بٹگرام میں قرنطینہ سنٹر کے قیام اورڈی سی بٹگرام الطاف حسین کی جانب سے اٹھائے گئے دیگرحفاظتی اقدامات کو سراہا اور ڈی سی بٹگرام کو پولیس کی جانب سے ہر جگہ بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ۔انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو ملکر احسن اقدامات اٹھانے ہیں اور لوگوں میں اس وائرس کو پھیلانے سے بچانا ہے۔
اے پی پی /وقا ص احمد/حامد