کرونا وائرس سے طبی اسٹاف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان صف اول میں جنگ لڑ رہے ہیں ؛ڈپٹی اسپیکر

97

کوئٹہ، 20 اپریل(اے پی پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اس وقت کرونا وائرس سے پوری انسانیت کو خطرات لاحق ہیں اس موذی مرض سے نبرد آزما  ڈاکٹرز اور طبی اسٹاف کے ساتھ ساتھ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں  کے جوان صف اول میں جنگ لڑ رہے ہیں ،اس مشکل وقت میں بلوچستان پولیس کے شہداءکے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

 بلوچستان پولیس کے شہداءکے خاندانوں میں امدادی رقوم اور راشن کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر بلوچستان قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ کورونا وائرس اس وقت پوری دنیا کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے، اس سنگین صورتحال کا مقابلہ صبر و استقامت اور رہنماءطبی اصولوں پر عمل درآمد کرکے ہی کیا جاسکتا ہے حکومتی اقدامات عوام کی بہتری اور اس موذی وباءسے بچاو کے لیے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ  لاک ڈاون کے  اس غیر معمولی حالات میں حکومت کو معاشرے کے غریب اور متوسط طبقات کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت پاکستان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج فراہم کیا ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں پولیس کے شہداءکے خاندانوں کی معاونت احسن اقدام ہے جس سے ان کی دلجوئی ہوئی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس نے کہا کہ پولیس کے جوان اس غیر معمولی حالات میں پوری تندہی سے پیشہ ورانہ فرائض کی بجا آواری میں مصروف عمل ہیں اور مل جل کر اس موذی وباءسے نبردآزما ہونے میں کامیاب رہیں گے۔

 اے پی پی / محمد بلال/حامد