کرونا وائرس کے پیش نظر مردان پولیس کا پاک آرمی کیساتھ ضلع بھر میں مشترکہ فلیگ مارچ

101

مردان، 8اپریل(اے پی پی): مردان کے ڈی پی او سجاد خان کی زیر قیادت شہر بھر میں آج پاک آرمی کیساتھ مشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس، پاک آرمی کے جوانوں اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔

مردان کی ضلعی پولیس اور پاک آرمی کے جوانوں نے فلیگ مارچ میں لاوڈ اسپیکر کے ذریعے عوام کو گھر سے نہ نکلنے اور کرونا وائرس سے بچاو کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگہی دی  اور بتایا کہ فلیگ مارچ کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو ضلعی پولیس و پاک فوج کی جانب سے تحفظ کااحساس دلاناہے۔

ڈی پی او مردان سجاد خان نے اس موقع پر عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی تحفظ کی خاطر شہر میں لاک ڈاون کیا گیا ہے لہذا  موجودہ صورتحال کی حساسیت کے پیش نظر اپنے گھروں میں محدود رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ پاک آرمی، پولیس اور دیگر ادارے  مشکل کی اس گھڑی میں عوام کیساتھ ہیں۔ کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے گائیڈ لائنز کے طور پر جاری کردہ حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے اپنی شہری ذمہ داریاں پوری کریں۔

اے پی پی /صائمہ حیات/حامد