کوئٹہ : تھیلیسیمیا کینسر اور گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بلوچستان پولیس کے جوانوں نے خون کے عطیات دئیے

167

کوئٹہ  ،16 اپریل (اے پی پی): کورونا وائرس کے باعث مشکلات  کا شکار  بلوچستان میں تھیلیسیمیا، کینسر اور گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو فراہمی خون میں   درپیش مشکلات کے باعث بلوچستان پولیس کے تیس جوانوں نے جمعرات کو یہاں ریجنل بلڈ سینٹر کوئٹہ میں خون کے عطیات دئیے۔

 اس موقع پر اسپتال کے ڈاکٹروں نے بلوچستان  پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے مہلک امراض میں مبتلا  سیریس مریضوں کو خون فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلوچستان پولیس کے جوانوں نے اس مشکل وقت میں خون کا عطیہ دے کر انسانی خدمت کی عظیم مثال قائم کی ہے۔

خون عطیہ کرنے والے جوانوں کے نام اپنے خصوصی پیغامات میں اے آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ اور ایس ایس پی آپریشن طارق الہی مستوئی نے کہا کہ ہمیں بلوچستان پولیس کے تمام جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے مشکل کے اس وقت میں انسانیت کی خدمت کی ایک نئی مثال  قائم کرکے ثابت کیا کہ بلوچستان پولیس بحالی امن و معمول کی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ عوامی و انسانی بہبود میں بھی پیش پیش ہیں۔انہوں نے خون کا عطیہ کرنے والے تمام جوانوں کے جذبہ خدمت خلق کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش  بھی دی ۔

 اے پی پی  / محمد بلال/قرۃالعین