کوئٹہ 14 اپریل(اے پی پی) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ حکومت کو لاک ڈاون کے دوران دیہاڑی پیشہ غریب آدمی کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے جس کا برملا اظہار وزیر اعظم عمران خان قبل از وقت ہی کرچکے تھے ۔کورونا وائرس کی اس ناگہانی عالمی وباءسے نمٹنے کے لیے اس کڑے وقت سے گزرنا ہوگا، حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیر اعظم پاکستان نے شدید معاشی مندی کے باوجود ملک کے متاثرہ غریب افراد کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو یہاں چشمہ خدوزئی میں غریب اور مزدور پیشہ افراد میں راشن کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام و تدارک کے بلوچستان سمیت ملک بھر میں اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات سے عوام کو وقتی تکالیف ضرور درپیش آئیں گی تاہم اس کے سوا اس موذی وباءکا پھیلا ؤ روکنا ممکن نہیں۔
قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے معاشی ماہرین و متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ اس کڑے وقت میں غریب اور مزدور پیشہ طبقات کی معاونت کے لئے قابل عمل منصوبہ بندی کی جائے۔حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کام کررہی ہے تاہم چین یورپ و امریکہ جیسے ترقی یافتہ ممالک کے تجربات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس وباءکی روک تھام کا انحصار عوام پر ہے، سماجی روابط کی زنجیر کو عارضی طور پر ختم کرکے ہی کورونا کی زنجیر تھوڑی جاسکتی ہے ۔
اے پی پی / محمد بلال/قرۃ العین











