ملتان ، 02 اپریل (اے پی پی ): کورونا وائرس کے پیش نظر جراثیم سے پاک ملتان پلان پر عمل جاری ہے جس کے تحت دفاتر،عوامی،مقامات ،شاہراوں، مساجد اور پٹرول پمپس کی کیمیکل سے دھلائی کی گئی۔ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اور ریسکیو 1122نے جوائنٹ آپریشن میں حصہ لیا۔
اسکے علاوہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ڈس انفیکشن یونٹ نے انڈور سپرے کا پلان ترتیب دے دیا ہےاورمختلف میڈیا ہاوسز کے دفاتر اور پرنٹنگ پریس ایریا کی سٹریلائزیشن کا آغاز کردیا ہے جبکہ پولیس اسٹیشنز اور فاطمید فاؤنڈیشن میں بھی کیمیکل کا سپرے کیا گیا ۔
ریسکیو 1122 کی طرف سے مختلف مساجد کی دھلائی کا عمل بھی جاری رہا۔جامعہ مسجد فاروقیہ اور فیضان مدینہ کی جراثیم کش پانی سے دھلائی کی گئی۔میڈیسن مارکیٹ،میٹرو اسٹیشنز،پٹرول پمپس کو دھویا گیا ۔ولایت آباد، بہاولپور بائی پاس،وہاڑی چوک کی بھی کلورین ملے پانی سے دھلائی کی گئی ۔ریسکیو 1122 کی تمام ایمبولنسسز کی بھی سٹریلائزیشن کی گئی۔اس کے علاوہ شجاع آباد اور جلالپور پیر والا شہر کی سڑکیں اور گلیاں بھی جراثیم سے پاک کی جارہی ہیں۔
اے پی پی /ملتان/قرۃالعین