اسلام آباد، 13 اپریل (اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا کا چیلنج پاکستان سمیت دنیا بھر کو درپیش ہے، معاملے سے نمٹنے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کام کر رہی ہے۔
پیر کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا وفاقی وزرا کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے ہر شعبے پر اثرات مرتب ہوئے ہیں، پارلیمانی کمیٹی اس وبا سے نمٹنے کیلئے کام کر رہی ہےانہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی صبر کا مظاہرہ کریں، ان کی مشکلات کا اندازہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے ہر کمیونٹی شدید متاثر ہوئی ہے، ہمیں تارکین وطن کی مشکلات کا علم ہے، کورونا کا چیلنج پاکستان سمیت دنیا بھر کو درپیش ہے،قوم کو کورونا سے مل کر لڑنا ہوگا۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ زائرین اور تبلیغی جماعت کے معاملے پر ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ کورونا کا مسئلہ صرف پاکستان کا نہیں، پوری دنیا کا ہے۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے صبر کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی ۔
پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں پورے ملک کیلئے یکساں پالیسی ہوگی،اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تمام مذہبی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، نمازوں کے معاملے پر کچھ ناخوشگوار واقعات ہوئے جو افسوسناک ہیں۔
نور الحق قادری کا کہنا تھا رمضان المبارک میں کورونا سے بچاو کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، ساجد میر، ساجد نقوی سمیت تمام رہنماؤں سے رابطے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر ضروری بحث شروع ہوگئی تھی کہ زائرین اور تبلیغی جماعت ملک میں کورونا کے ذمہ دار ہیں، یہ بحث زہر آلود تھی، اسپیکر اسمبلی کی کوششوں سے کورونا پر تفرقہ بازی کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے سیفران شہر یار آفریدی نے کہا کہ پارلیمان میں تمام مکاتب فکر کے نمائندیں موجود ہے لہذا اس معاملے کو احسن طریقے سے حل کرنے کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اہم قدم اٹھایا ہے۔
اے پی پی /ضیا/Hamid











