پشاور:سٹی ٹریفک پولیس کا پابندی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ جاری رکھنے پر گاڑیوں کے مالکان پر جرمانہ

126

پشاور،13 اپریل(اے پی پی): سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ٹی اوز نے شہر بھر میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے آگاہی دینے کی خاطر ناکہ بندیاں کی ہیں جہاں پر شہریوں کو اس وباء سے بچنے اور حکومت کی جانب سے  پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی کے بارے آگاہ کیا جاتا ہے لیکن حکومتی پابندی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں سواریاں بٹھانے پر گزشتہ دو دنوں میں مزید 218 گاڑیوں کو ٹرمینل میں بند کر کے ان کے مالکان پر جرمانے عائد کئے ہیں۔

ترجمان سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہاب خان نے بتایا کہ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے سختی سے ہدایات کی ہیں کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کروانے میں اول دستے کا کردار ادا کرے گی کیونکہ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن اور پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگانے کا اقدام عوام کے مفاد میں ہے جس پر من و عن عملدرآمد ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔

اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃالعین