جلالپورپیروالا،13 مئی (اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر جلالپورپیروالا غلام سرور نے کہا ہے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے گھروں میں رہ کر اپنی حفاظت کریں اور حکومتی اقدامات پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے جس کی وجہ سے شہروں میں بے پناہ رش دیکھا جا رہا ہے، عوام سے گزارش ہے کہ بلا وجہ گھروں سے باہرنہ نکلیں اور اگر کوئی ضرورت ہو تو حکومت کی جانب سے جاری تدابیر پر عمل کر کے گھر سے باہر جائیں ۔ان احتیاطی تدابیر میں فیس ماسک کا استعمال، سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھنا شامل ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب گھروں میں واپس آئیں تو اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں اور مزید جتنی احتیاطی تدابیر ہیں ان کا خیال کریں تاکہ یہ وبائی مرض پھیل نہ سکے۔انہوں نے نزلہ، زکام اور کھانسی وغیرہ کی علامت ظاہر ہونے پر جلد از جلد ڈاکٹرسے رجوع کرنے کی ہدایت کی ۔











