پشاور، 29مئی(اے پی پی): صوبائی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ یکم فروری سے 20 مارچ تک 478 ریگولر پروازوں کے ذریعے 81524 مسافر باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچے ہیں جن کی باقاعدہ اسکریننگ کی گئی جبکہ 15 اپریل سے 28 مئی تک 23 خصوصی پروازوں کے ذریعے کل 4675 مسافر آئے ہیں۔ خصوصی پروازوں میں 727 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں سے 246 افراد کا تعلق دیگر صوبوں سے ہے جبکہ 481 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ تاہم دبئی، ملائیشیا اور دیگر ممالک سے تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ ابھی جاری ہے جبکہ باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پشاور پر تمام تر حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد کیا جا رہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔
ان خیالات کا اظہار اجمل خان وزیر نے جمعہ کو باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اجمل وزیر نے کہا کہ اس وقت محکمہ صحت کے 15 ڈاکٹرز ، 8 نرسز اور 24 پیرا میڈیکل سٹاف ائیر پورٹ پر تعینات ہیں جو دن رات مسافروں کی اسکریننگ سمیت دیگر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے صوبے کے اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کو درخواست کی تھی جس کے بعد فلائٹ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
کراچی طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ پر پوری قوم دکھی ہے جسکی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور جونہی تحقیقات مکمل ہوں گی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائیگی جبکہ لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں اجمل وزیر نے کہا کہ ایک طرف عوام کو کورونا سے تحفظ دینا ہے دوسری جانب معیشت کا پہیہ چلانا ہے۔ حکومت نے مزدور طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر لاک ڈاون میں نرمی کی ہے اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ حکومت کی طرف سے وضع کردہ قواعد وضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
مشیر اطلاعات نے ڈاکٹرز ، طبی عملہ و دیگر فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملہ وسائل کی کمی کے باوجود جو خدمات سرانجام دے رہے ہیں ،وہ بے مثال ہے ۔











