کرونا وائرس کی تشخیص کیلئےخیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں پی سی آر مشین نصب،یومیہ 80ٹیسٹ کیے جا سکیں گے

158

 

پشاور، 29مئی(اے پی پی):خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں بائیو سیفٹی لیول 2  پبلک ہیلتھ لیبارٹری قائم کر دی گئی ہے جبکہ لیبارٹری میں پی سی آر مشین بھی نصب کر دی گئی ہے جس سے یومیہ 50 سے 80 ٹیسٹ کیے جا سکیں گے۔

کے ٹی ایچ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان سے 5مئی 2020 کو منعقدہ اجلاس میں پی سی آر( PCR)مشین کے عطیہ کی درخواست کی تھی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان اور ہیلتھ سیکٹر ی سید امتیاز حسین شاہ کی خصوصی کوششوں کے باعث عالمی ادارہ صحت نے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروس کے ذریعے یہ مشین بطور عطیہ فراہم کی ۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بائیو سیفٹی لیول 2 لیبارٹری، خیبر ٹیچنگ ہسپتال نے اپنے فنڈ سے قائم کی ہے۔ 25 مئی 2020 کو این ائی ایچ  (NIH)کے حتمی فیصلے اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور صوبائی ٹیم کے بیرونی کوالٹی کنٹرول کے معائنہ کے بعد لیبارٹری کو منظوری دے دی گئی جبکہ لیبارٹری میں پی سی آرمشین بھی نصب کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکٹ سنٹرل نامی یہ مشین رواں اوقات اور ایک ہی مرحلہ میں مکمل خودکار طریقے سے کام کرنے والی مشینیں ہیں جو کہ جدید ماڈل اور طرز کی مشینیں ہیں  ان میں ہر مشین  سے ایک وقت میں 8ٹیسٹ دو گھنٹے میں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ کورونا کے ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ان مشینوں میں دیگر ڈی این اے  (DNA)اور آر این اے(RNA) وائرس کے ٹیسٹ بھی کیے جا سکتے ہیں۔ ابتدائی مراحل میں یومیہ 50 سے 80ٹیسٹ کیے جا سکیں گے ۔