ری فنڈز کی ادائیگی میں تیزی کے ذریعہ بزنس کمیونٹی کے کیش سے متعلق مسائل کو حل کیا جارہاہے:عبدالحفیظ شیخ

640

اسلام آباد ، 8 مئی (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت ری فنڈز کی ادائیگی کاعمل برق رفتاری سے مکمل کررہی ہے، ری فنڈز کی ادائیگی میں تیزی کے ذریعہ بزنس کمیونٹی کے کیش سے متعلق مسائل کو حل کیا جارہاہے، اس کے ساتھ ساتھ کاروباربالخصوص چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبار(ایس ایم ایز) کے فروغ اوراس میں آسانیوں کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات حکومت کی معاشی ٹیم کے ہمراہ وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت (ایف پی سی سی آئی) کے عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

ویڈیو کانفرنس کے دوران ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں نے اپنے مسائل کے علاوہ آنیوالے وفاقی بجٹ کے حوالہ سے اپنی تجاویز اورسفارشات بھی پیش کیں۔ چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاویدامجد، سیکرٹری خزانہ نویدکامران بلوچ، ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار، فیڈریشن کے سابق صدرذکریاعثمان اوردیگر عہدیداروں نے بھی مباحثہ میں حصہ لیا۔

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ حکومت نے فاسٹرنظام کے تحت برآمد کنندگان کو ری فنڈز کی مد میں 56 ارب روپے پہلے سے جاری کئے ہیں، فاسٹرکے علاوہ بھی 40 ارب روپے کے ری فنڈز جاری کئے گئے، اس ماہ کے آخر تک ری فنڈز کی مد میں مزید تین ارب روپے کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ حکومت صنعتی زونزکے قیام، بنیادی ڈھانچہ کی بہتری، ٹیرف اورڈیوٹیوں کومعقول بنانے اورچھوٹے ودرمیانہ درجہ کے کاروبارکے فروغ کیلئے کسی بھی معقول اورحقیقت پرمبنی عملی تجویز کو قبول کرنے کیلئے تیارہے۔

 قبل ازیں ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں نے وزیراعظم کے مشیرکو چئیرپرسن ایف بی آر کے ساتھ مختلف مسائل بشمول پھنسے ہوئے کنٹینرز کے ڈیمرج اخراجات، بندرگاہوں پرپھنسی ہوئی گاڑیوں کے ان کیش منٹ سرٹیفیکٹس، اورٹائروں پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی پر ہونے والے مذاکرات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں نے واجب الادا ری فنڈز کی برق رفتاری سے کلئیرنس پروزیراعظم کے مشیر اوران کی ٹیم کا شکریہ اداکیا اوراس بات کااعتراف کیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار انہیں کسی رکاﺅٹ کے بغیران کے گھروں کی دہلیز پر ری فنڈز کی ادائیگی کردی گئی ۔

عہدیداروں نے تجارت اورکاروبار کے فروغ اورکاروبارمیں آسانیوں کیلئے حکومت کوکئی تجاویز اورسفارشات بھی پیش کئے۔

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں کویقین دلایا کہ حکومت ان کے تمام جائز مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں تجارتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے حقیقت پسندانہ تجاویز اورسفارشات پرعمل درآمد کویقینی بنائیگی۔

اے پی پی/ سعیدہ/حامد