سکھرمیں کورونا وائرس کی تشخیص کےلئے ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کردیاگی

137

 

سکھر۔20مئی (اے پی پی )میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے سکھر میں ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کردیا گیا ‘ سول ہسپتال سکھر میں قائم کی گئی بائیو سیفٹی لیول 3 کی جدید لیبارٹری میں شہری آسانی سے اپنا ٹیسٹ کراسکیں گے ‘ لیبارٹری میں روزانہ کی بنیاد پر 300 ٹیسٹ کئے جائیں گے ‘ ٹیسٹنگ کٹس سمیت دیگر سامان فراہم کردیا گیا ہے ‘ پی آر سی سمیت دیگر سہولیات بھی موجود ہونگی۔لیبارٹری کی افتتاحی تقریب میں ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر تسلیم خمیسانی سمیت دیگر ڈاکٹرز موجود تھے۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختصر وقت میں لیبارٹری کا قیام بڑی کامیابی ہے ،ہم وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مشکور ہیں جنہوں نے ہنگامی بنیادوں پر لیبارٹری کے قیام کی منظوری دی، لیبارٹری کی عدم موجودگی کے باعث شہریوں بالخصوص معمر حضرات کو ٹیسٹ کرانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا، لیبارٹری کے قیام سے شہریوں کو کورونا ٹیسٹنگ کی سہولت مقامی سطح پر میسر آسکے گی‘ سکھر میں پلازمہ کے ذریعے کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج کی سہولت بھی جلد فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیفٹی کے حوالے سے جناح لیبارٹری کراچی کے بعد سکھر کی لیبارٹری کا دوسرا نمبر ہے جہاں لیول 3 کی سیفٹی رکھی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور صحتمند رہنے کیلئے انہیں خود کو گھروں تک محدود کرنا ہوگا‘ اس موقع پر ٹیکنیکل اسٹاف کی جانب سے دستیاب مشینری کے حوالے سے میئر سکھر کو بریفنگ بھی دی گئی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل میئر سکھر نے صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے بذریعہ مراسلہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو سکھر میں کورونا کی ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کی درخواست کی تھی جس پر وزیر اعلیٰ نے سکھر میں لیبارٹری کے قیام کی منظوری دی اور آج کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری نے عملی طور پر کام شروع کردیا ہے۔