چنیوٹ،09مئی(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب ذوالفقاراحمد گھمن نے چنیوٹ کا دورہ کیا ۔ صوبائی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے ضلع میں احساس کفالت امداد پروگرام،انسداد کورونا،انسداد ڈینگی،گندم خریداری مہم،پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی ۔
ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو ضلع میں انسداد ڈینگی وکورونا کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے انسداد انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہریوں کے تحفظ کے لئے موثر ترین اقدامات جاری ہیں ۔ انہوں نے گندم خریداری مہم کے سلسلے میں اب تک خریدی جانے والی گندم جبکہ رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو طارق خان نیازی،عمران عصمت پنوں ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عائشہ یاسین،سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف،ڈائریکٹر کالجز فیصل آباد امداد اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمدنواز و دیگر افسران موجود تھے ۔
صوبائی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے کورونا وائرس کے خدشات کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا اورکہا کہ اس وباء سے بچاؤکیلئے محکمہ صحت کے ایس وپیز پر عملدرآمدکو یقینی بنایاجائے ۔ انہوں نے فاسٹ یونیورسٹی قرنطینہ سنٹر میں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجہ کی صورتحال پربھی بریفنگ لی اور کورنٹائن افراد کے قیام کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ۔ صوبائی سیکرٹری نے انسداد ڈینگی اقدامات کو مزید تیز کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ اس ضمن میں سرویلنس سرگرمیوں کو نتیجہ خیز بنایا جائے ۔ انہوں نے گندم خریداری مہم پرعملدرآمد کو بھی چیک کیا ۔
بعدازاں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب نے فاسٹ یونیورسٹی میں قائم قرنطینہ سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں کورنٹائن مسافروں کے لئے ضروری انتظامات کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے قرنطینہ سنٹرز میں زائرین ومسافروں کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا ۔
اے پی پی / چنیوٹ/حامد











