کراچی ، 26 مئی (اے پی پی): گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے ایئربس اے 320 حادثے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ ابھی باقی ہے ،جب یہ رپورٹ آئے گی تب طیارے کے گرنے کی وجوہات کا پتہ چل جائے گا،طیارہ حادثہ سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
منگل کو سول اسپتال کراچی کے برنس سینٹر میں طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سند ھ کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی رپورٹ کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ آیا طیارے میں کوئی تکنیکی خرابی تھی یا کوئی اور مسئلہ،لہذا طیارے کے واقعے کے بارے میں قیاس آرائیاں سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے متاثرہ خاندانوں کی دیکھ بھال اور سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
گورنر نے کہا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لئےلاہور سے آئی ماہرین کی ٹیم اپنا کام کر رہی ہے، ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج آنے میں 10 سے 15 دن لگیں گے۔
اے پی پی /ڈیسک/قرۃالعین











