عوام میں شعور و آگاہی کی فراہمی کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے: صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور

155

 

لاہور، 06مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے یڈ منسٹریٹر داتا دربار ذوا لقرنین کھچی، منیجر داتا دربار گلاب ارشاد خطیب مسجد داتا دربار مفتی رمضان سیالوی سمیت دیگرکے ہمراہ داتادربارکا دورہ کیا۔ انہوں نے دربار اور اس کے اطراف میں ہونے والی تزئین و آرائش اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شا ہ نے کہا کہ علماء کرام کے تعاون کی بدولت عوام میں شعور و آگاہی کی فراہمی کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاؤمیں کمی آنا شروع ہو گئی ہے ۔جس پروزیر اعلیٰ اور حکومت پنجاب علماء کرام کی بے حد مشکورہیں  ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر رمضان المبارک کے دوران مساجد میں نماز، تراویح کا عمل حفاظتی اقدامات کومد نظر رکھتے ہوئے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس دنیا بھر کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس نے ہمیں بھی متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبادات کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں تاہم دین اسلام نے ا نسانی زندگی کے تحفظ کواولین ترجیح دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے اس لیے موجودہ حالات میں چند مشکل ترین فیصلے کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔

وزیر اوقاف نے کہا کہ اگر اسی طرح عوام کا تعاون جاری رہا تو انشاء اللہ جلد لاک ڈاؤن ختم ہو جائے گا۔صاحبزادہ سعیدالحسن نے علماکرام اور عوام پر زور دیا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی بے حد ضروری ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگی محفوظ بنانے کے لیے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔صوبائی وزیر نے مزار اقدس پر حاضری بھی دی اور ملک و قوم تر قی خوشحالی اور کرونا وائرس سے نجات کے لیے دعا بھی کی ۔

اے پی پی /لاہور/نورین