لتان؛ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامی امور کے حوالے سے اجلاس

184

ملتان،22مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت عیدالفطر  کے موقع پر سیکیورٹی اور انتظامی امور کے حوالے سے سرکٹ ہاوس میں اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں اے ڈی سیز محمد طیب خان، قمرالزمان قیصرانی،ہدایت اللہ خان اور رانااخلاق احمد سمیت ایس ایس پی آپریشنز ربنواز ،ضلع کے  اسسٹنٹ کمشنرز اور  تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، سول ڈیفنس کے رضا کار پولیس کے ہمراہ سیکیورٹی کے لئے فرائض سرانجام دیں گے، تمام اسسٹنٹ کمشنرز عید نماز کے ایس او پیز پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔ بازاروں، فٹ پاتھوں اور تنگ جگہوں پرعید  نماز کی ادائیگی سے گریز کیا جائے جبکہ عید نماز کے لئے  سکولوں کے گراونڈز کا انتخاب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں نہروں میں نہانے پر پابندی عائد رہے  گی، عید کی چھٹیوں میں تمام افسران ضلعی ہیڈ کوراٹر  میں موجود رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ تمام قبرستانوں میں صفائی کے بھرپور انتظامات کی جائیں، ویسٹ منیجمنٹ کمپنی اور واسا کے آپریشنل سٹاف کی ڈیوٹی پر موحودگی یقینی بنائے جائے۔

ایس ایس پی آپریشن ربنواز تلہ نے کہا کہ عید کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا، ضلع کی 900 مساجد میں عید نماز کے موقع پر سیکیورٹی تعینات کی جائے گی جبکہ 2 ہزار اہلکار سیکیورٹی کی غرض سے تعینات کئے جائیں گے،ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی مدد بھی سیکیورٹی کے لئے حاصل ہو گی۔