ملتان،09 مئی(اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایت پر نشتر ہسپتال 2 کی 463 کنال 18مرلے زمین پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے نشتر 2 کی تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے کہا کہ نشتر 2 کی تعمیر سے جنوبی پنجاب کے شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوپائیں گی اور دیگر ہسپتالوں پر سے بوجھ کم ہونے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ
نشتر 2 پر 9ارب روپے لاگت آۓ گی،جبکہ فیز ون کا 4 ارب سے زائد کا تخمینہ ہے۔موجودہ مالی سال میں نشتر 2 کیلئے اڑھائی ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے80 کروڑ روپے سے زائد کی پہلی قسط جاری کی جاچکی ہے۔
اس موقع پر فوکل پرسن برائے نشتر 2 پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 500 بیڈز ہسپتال, رہائشی بلاک تعمیر کیے جائیں گے،اب تک 50 کروڑ سے زائد رقم خرچ کی جا چکی ہے۔کھدائی کا 95 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ عمارت کی بنیادوں کا کام 41 فیصد،عمارت کی بنیاد میں دیمک کنٹرول دوائی کا کام 42 فیصد ،بنیادوں میں سیمنٹ بجری کا کام 41 فیصد،جبکہ باؤنڈری وال کی کھدائی کا کام بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔
بعدازاں کمشنر شان الحق نے نشتر میں قائم بی ایس ایل 3 کرونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔وائس چانسلر نشتر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا نے کہا کہ ٹیسٹوں کی کیپسٹی بڑھانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی بھی موجود تھے۔
اے پی پی/ملتان/حامد











