ملتان: ڈی سی عامر خٹک کی زیر صدارت مانیٹرنگ کمیٹی اور ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد

180

ملتان،01 مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کی  زیر صدارت  مانیٹرنگ کمیٹی اور ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس  منعقد ہوا، اجلاس میں ملتان کی  مساجد اور امام بارگاہوں میں نماز اور تراویح کے موقع پر کوروناوائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا  ہے ۔

جمعہ  کو سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ  اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی عامر خٹک کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے،پوری  دنیا اس کی لپیٹ میں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔

ڈی سی نے کہا کہ مارکیٹوں میں لاک ڈاون کی خلاف ورزی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ لاک ڈاون پر سختی سے عملدرآمد کرانے لئے محکمہ داخلہ کو دفعہ144 نافذ کرنے کی سفارش کی جائے گی۔انہوں نے نماز اور تراویح کے دوران ایس او پیز پر عمل کرانے کے لئے امن کمیٹی کے ممبران  کو اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت  دیتے  ہوئے کہا کہ مساجد کمیٹیوں کو موثر بنایا جائے۔ انتظامیہ کی خواہش ہے کہ افسران کی بجائے مساجد کمیٹیاں حفاظتی تدابیر پر عملدر آمد کرائیں۔

ڈی سی عامر خٹک نے کہا کہ مخیرحضرات اپنےعلاقوں کے مساجد میں ماسک اور سیناٹائزر کی فراہمی کے لئے تعاون کریں، اس کے علاوہ یونین کونسل کے سیکرٹریز اورحلقہ پٹواریوں کو مانیٹرنگ کمیٹیوں میں شامل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اعتکاف،ختم شریف اور یوم شہادت علی کے حوالے سے حکومت پنجاب سے ہدایات لی جائیں گی۔

 اجلاس میں ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی، ایس پی ربنواز تلہ ،اے سیز عابدہ فرید،مبین احسن،غلام سرور سی ایس و شبانہ سیف ، علی رضا گردیزی،علامہ عبدالحق مجاہد، محمد سلیم بلالی، شفقت حسنین بھٹہ،مظہر جاوید،مزین عباس چاون، زاہد بلال قریشی،مرزا جاوید،عزیز الرحمان انصاری اور آصغر نقوی نے شرکت  کی۔اسکے علاوہ  پولیس و سول افسران سمیت علماء اور تاجر نمائندے بھی موجود تھے۔

اے پی پی /ملتان/قرۃالعین