وزیراعظم عمران خان سے وزیر برائے بحری امور سیّد علی حیدر زیدی اور چیئرمین حبیب بینک سلطان علی الانہ کی ملاقات

185

اسلام آباد , 6 مئی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے وزیر برائے بحری امور سیّد علی حیدر زیدی اور چیئرمین حبیب بینک سلطان علی الانہ نے ملاقات کی۔ بدھ کو چیئرمین حبیب بینک سلطان علی الانہ نے وزیرِاعظم کو کورونا وائرس کی صورتحال کے تناظر میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے موجودہ حکومت کی جانب سے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی پیکیج دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ سلطان علی الانہ نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام نہایت شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر چلانے پر وزیرِاعظم کو مبارکباد پیش کی۔

 وزیرِاعظم نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو مستحقین تک پہنچانے میں حبیب بینک کی خدمات اور معاونت کو سراہا۔ وزیر بحری امور نے وزارت کے معاملات خصوصاً کورونا وائرس کی صورتحال اور اس دوران بندگاہوں و دیگر منسلک معاملات کے حوالہ سے مختلف اقدامات پر وزیرِاعظم کو بریفنگ دی۔ وزیرِ بحری امور نے بتایا کہ بندرگاہوں میں جہازوں کے زیادہ دیر ٹھہرنے کی صورت میں پڑنے والے ہرجانے (ڈیمرج) کو معاف کرنے کی تجویز اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے منظور کر لی گئی ہے۔ ای سی سی سے منظوری کے بعد کابینہ سے اس فیصلہ کی باقاعدہ توثیق کی جائے گی، یہ رعایت 31 مئی تک فراہم کرنے کی سفارش منظور کی گئی ہے۔ وزیرِ بحری امور نے وزیراعظم کو بتایا کہ کورونا وائرس کی مشکل صورتحال کے باوجود بھی ملکی بندرگاہوں کو آپریشنل رکھا گیا ہے جبکہ خطہ کی دیگر بڑی بندرگاہیں اس دوران بندش کا شکار رہی ہیں۔

اے پی پی / ڈیسک /ریحانہ